میرپور خاص،آٹھویں اسپیل کی بارش نے مزید تباہی مچادی ،فصلیں تباہ

152

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) میرپور خاص اور گردونواح میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے آٹھویں اسپیل نے مزید تباہی مچا دی، نشیبی علاقوں میں پہلے سے کھڑے بارش کے پانی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔ کپاس، مرچ، پیاز اور دیگر فصلیں پہلے ہی تباہ ہوچکی ہیں، گنے کی فصل کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔ سڑکوں پر کئی کئی فٹ گڑھے پڑ گئے ہیں، جس سے حادثات کے ساتھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ میرپور خاص میں شروع ہونے والے بارش کے آٹھویں اسپیل نے ہر طرف تباہی پھیلا کر رکھ دی ہے، جمعے کی دوپہر کو موسلا دھار بارش شروع ہوگئی، قدرتی آبی گزر گاہوں پر قبضے کی وجہ سے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے سبب پہلے سے کھڑے بارش کے پانی میں مزید اضافے نے عوام کے لیے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور سامان پانی میں تیر رہا ہے۔ شہر کے نشیبی اور دیہی علاقوں کے لوگوں نے سڑکوں کے کنارے آسمان کے نیچے پناہ لے رکھی ہے اور وہ خیموں سمیت حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ اس سے قبل میرپور خاص میں 643 ملی میٹر بارش برس چکی ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی کپاس، مرچ، پیاز اور دیگر فصلیں تباہ ہوچکی ہیں، حالیہ بارش سے ہزاروں ایکڑ پر کاشت گنے کی فصل کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ میرپور خاص میں ہونے والی طوفانی بارش کے سبب سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور سڑکوں پر کئی کئی فٹ گڑھے پڑچکے ہیں، جس کی وجہ سے حادثات رونما ہورہے ہیں اور گاڑیوں کا نقصان بھی ہورہا ہے۔ میرپور خاص کے شہریوں نے حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے پُر زور مطالبہ کیا ہے کہ قدرتی آبی گزر گاہوں سے قبضے ختم کروا کر بارش کے پانی کی نکاسی کو ممکن بنایا جائے۔