ٹنڈوالہٰیار، سیاسی بازیگروں نے عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے کمرکس لی

275

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) بلدیاتی نظام کے ختم ہوتے ہی سیاسی بازیگروں نے عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے کمرکس لی اور سیاسی ہائوسوں پر بیٹھک جمنا شروع ہوچکی، سیاستدانوں نے بلدیات میں اپنے اپنے امیدواروں کو کامیاب کرانے کے سلسلے میں ابھی سے رابط مہم شروع کردی، بارش سے متاثر ہونے والوں کی خیر خبر اور تعزیت کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا، جبکہ عوام کی جانب سے عوامی اتحاد بھی قائم کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جبکہ بعض قدآوار شخصیات کی جانب سے پارٹی تبدیل کرنے پر بھی غور شروع کردیا گیا۔ سیاسی جماعتوں نے جوڑ توڑ کی پالیسی اختیار کرنا شروع کردی، علاقائی سطح سے لے کر صوبائی اور مرکز کی سطح پر مفاہمتی پالیسی اختیار کرنے کی رضا مندی کردی ہے۔ اس سلسلے میں ضلع ٹنڈوالہٰیار میں پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان راہ حق پارٹی، جمعیت علما اسلام ف، جماعت اسلامی، پاکستان سنی تحریک، متحدہ اتحاد عباسیہ انٹرنیشنل سمیت دیگر قوموں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں اپنے اپنے حلقوں سے مضبوط امیدواروں کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے چند نئے چہروں کے ساتھ میدان میں اترنے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔ پیپلز پارٹی ٹنڈوالہٰیار میں رضوی اور بچانی خاندان کی جانب سے امیدواروں کا انتخاب شروع کردیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے قدآور شخصیات کو پارٹی میں شامل کرنے کے لیے جوڑ توڑ کے لیے رابطے شروع کردیے ہیں۔