حیدرآباد ،مختلف مذہبی جماعتوں کا حضرت ابو بکرؓکی شان میں گستاخی کیخلاف احتجاج

306

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد میں مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے حضرت صدیق اکبرؓ کی شان میں گستاخی کرنے والے ملعون آصف علوی کی گرفتاری کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیے گئے۔ جماعت قادری کی جانب سے سید نورالحسن القادری، علامہ موثر رضا، محمد قادری ودیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ محرم کے مقدس مہینے میں سوچی سمجھی سازش کے تحت فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کی گئی، جس کو ملک میں بسنے والے سنی مسلک کے اکابرین اور عوام نے ناکام بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیق ؓپر مسلمان اپنی جان بھی قربان کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گستاخ صحابہ ملعون آصف علوی کو گرفتار کرنے کے بجائے ملک سے فرار کرایا جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آصف علوی کو فوری طور پر وطن واپس لاکر قانون کے مطابق سزا دی جائے جبکہ اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ حیدر آباد سمیت دیگر اہلسنت تنظیموں کی جانب سے مظاہرے کیے گئے جن میں مقررین نے فوری طور پر گستاخ آصف علوی کو وطن واپس لاکر قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا۔