دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت

98

 اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کوالیکشن لڑنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی جیونیوز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے سے متعلق بل منظور کرلیا۔ذرائع کے مطابق آرٹیکل 63 ون سی تبدیل کرنے کے لیے آئینی ترمیمی بل کی منظوری دی گئی ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد آئینی ترمیمی بل وزارت پارلیمانی امور کو ارسال کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی قانونی کیسز نے دہری شہریت رکھنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کی مخالفت کی تھی تاہم وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانونی کیسز کا فیصلہ رد کردیا۔ذرائع کے مطابق بعض وزراء نے بھی دہری شہریت رکھنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کی مخالفت کی۔ذرائع کے مطابق ترمیمی بل کے تحت دہری شہریت کے حامل افراد کو حلف اٹھانے سے قبل غیر ملکی شہریت ترک کرنا ہوگی۔