لیفٹیننٹ ناصر خالد فوجی اعزاز کے ساتھ شاہناڑہ قبرستان میں سپردخاک

141

مظفرآباد(صباح نیوز)وزیرستان میں د ہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے مظفرآباد کے بہادر سپوت لیفٹیننٹ ناصر خالد سلہریا پورے فوجی اعزاز کیساتھ شاہناڑہ قبرستان میں سپردخاک ۔شہید کی قبر پر صدر عارف علوی ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جی او سی مری کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔صدر ،وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجا
فاروق حیدر نے وزیر ستان میں شہید ہونیوالے لیفٹیننٹ ناصر خالد کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نماز جنازہ بزرگ عالم دین اور شہید کے استاذ مولانا قاری عبدالمالک توحیدی نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ عدلیہ کے جج وچیف جسٹس صاحبان عزیزواقارب،شہریوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔اس موقع پر راجا فاروق حیدر نے کہاکہ شہید ناصر خالدآزادکشمیر کا قابل فخر سپوت تھا جس نے اپنی جان وطن عزیز پر قربان کر دی۔آزادکشمیر کے باشندے دفاع پاکستان کے لیے جب بھی ضرورت پڑی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کریں گے ۔آرمی چیف سے لے کر ایک سپاہی تک کو یقین دلاتا ہوں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔وطن عزیز میں تخریب کاری ہے خاتمے کے لیے پاک فوج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔