ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام جاری ہے، امتیاز شیخ

187

کراچی (آن لائن) وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے 12 منصوبوں پر کام جاری ہے، ہر منصوبہ 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے اور یہ تمام 12 منصوبے اس سال دسمبر تک مکمل ہوجائیں گے اور ان سے مجموعی طور پر
650 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کو قدرت نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جن میں سے ایک عظیم نعمت سندھ کی ہوائی راہداری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوا سے کوئی ایندھن خرچ کیے اور جلائے بغیر سستی ترین، صاف اور ماحول دوست بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پاکستان میں توانائی کے تمامتر مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت کا حامل صوبہ ہے اور سندھ حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے وژن کی روشنی میں سندھ کے قدرتی وسائل کو عوام کی بہبود کے لیے استعمال میں لانے کے لیے تندہی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حکومت نے تھر میں کوئلے سے بجلی بنانے کے خواب کو نہایت کامیابی کے ساتھ حقیقت کا روپ دیا ہے۔ تھر میں کوئلے سے بجلی پیدا ہورہی ہے اور کوئلے سے بجلی بنانے کے مزید کئی نئے منصوبوں پر کام جاری ہے۔