وزیراعلیٰ پختونخوا کادورہ سوات‘ بارش سے متاثرہ علاقوں کاجائزہ

142

پشاور(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے دورہ سوات کے موقع پر حالیہ بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہونے والے نقصانات و بحا لی کی سرگرمیوں کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے سوات کے علاقوں مدین، چہیل ، شاگرام، بحرین، تیرات اور سخرہ سمیت تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کابغور جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کو مدین ضلع سوات میں متاثرین کی بحالی اور امدادی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی اعجاز خان، ڈپٹی کمشنر سوات اور تمام متعلقہ محکمہ جات کے افسران بھی موجود
تھے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دریائے سوات اور دیگر مقامات پر تجاوزات ہٹانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے اور آبی راستوں میں بنائی گئی تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بحرین پل کو جدید ڈیزائن اور طرز پر دوبارہ تعمیر کیا جائے تاکہ وہاں پر مستقبل میں نقصان کا اندیشہ موجود نہ ہو۔ انہوںنے اس موقع پر ہدایت کی کہ مکمل بحالی کاکام جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اس دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کو امداد چیک بھی ملے ہیں اور متاثرہ سڑکوں، واٹر سپلائی سکیموں اور دیگر تنصیبات کو کلیئر کردیا گیا ہے۔