اپوزیشن 2023ء کے عام انتخابات کا انتظار کرے‘گورنر پنجاب

218

لاہور (نمائندہ جسارت) گورنر پنجاب چودھری محمدسرور سے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد‘رکن قومی اسمبلی عاصم نذیر اور دیگر نے ملاقات کی۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کا انتشار اور جلائوگھیرائو کاایجنڈہ کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اپوزیشن کو صبر کے ساتھ2023ء کے عام انتخابات کا انتظار کر نا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، تحر یک انصاف کے ایم این اے عاصم نذیراور چیئر مین فیڈ مک میاں کاشف اشفاق نے جمعہ کو گور نر ہائو س لاہور میں گور نر پنجاب چودھری محمدسرورسے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سیاسی اور حکومتی امور ،فیصل آباد
میں تر قیاتی منصوبوں ،فیڈ مک کے منصوبوںسمیت دیگر ایشوز کے بارے بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران گور نر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن آئے روز احتجاج کی باتیں کر کے سیاسی طور پر زندہ رہنے کی کوشش کر رہی ہے مگر پاکستانی عوام جانتے ہیں کہ اپوزیشن کے پاس ملکی و عوامی ترقی کا نہیں صرف اپنے مفادات کے بچائو کا ایجنڈہ ہے مگر حکومت عوامی طاقت سے اپوزیشن کے ایسے تمام ایجنڈوں کو ناکام بنائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی مخالفین کو صرف قومی مفادات کا سوچنا چاہیے۔ گورنر نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نیوالوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔وزیر ریلوے شیخ رشیدنے کہا کہ عوام کو مہنگائی اور بے روز گاری جیسے مسائل سے جلدمکمل نجات ملے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ مخالفین سیاسی میدان میں ان رہنے کے لیے منفی سیاست کا سہارا لے رہے ہیں۔