بھنگی حکمران قوم کو بھنگ اگانے کا مشورہ دے رہے ہیں‘ حافظ ادریس

208

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ قوم پر بھنگی حکمران مسلط ہیں جو عوام کی ضرورت کی بڑی فصلیں گندم ،چاول اور گنا اگانے کے بجائے بھنگ کی کاشت پر زور دے رہے ہیں۔یہ قوم کو بھنگ پلا کر سُلاناچاہتے ہیںتاکہ کوئی انہیں پوچھنے والا نہ ہو۔ قوم نے بھی ہمیشہ ایسے لوگوں کو ہی منتخب کیا ہے جو انہیں سبز باغ دکھا کر 5 سال لوٹتے ہیں اور پھر ملک کو نئے بحرانوں سے دوچار کرکے چلے جاتے ہیں۔ جب تک ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی قائم نہیں ہوتی اور دیانت دارقیادت برسر اقتدار نہیں آتی عوام کی
پریشانیوں اور مصیبتوں میں کمی نہیں آئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اسلامی نظام ہی عزت ، وقارترقی اور خوشحالی کا راستہ ہے ۔جب تک عوام نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کے لیے اٹھ کھڑے نہیں ہوتے انہیں مختلف نعروں اوردعوئوں سے بہلانے والے ان کی تقدیر سے کھیلتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران پارلیمنٹ میں بھنگ پی کا بیٹھے ہوئے ہیں جنہیں عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکی کی جس پارلیمنٹ کی ایک خاتون رکن نے پر دے کی خاطر اپنی رکنیت سے استعفا دے دیا تھا آج اس میں 20باپردہ خواتین ارکان موجود ہیں ،ترکی بتدریج اسلام کی طر ف بڑھ رہا ہے ۔طیب اردوان نے آیا صوفیا مسجد کو بحال کیا تو انہیں اللہ تعالیٰ نے سمندر کے اندر گیس کا اتنا بڑا ذخیر ہ دیا جس سے ترکی سال ہا سال تک مستفید ہوگا مگر ہمارے حکمران اسلام دشمن قوتوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنے ہوئے ہیں اور اللہ اور اس کے رسول ؐ کے واضح احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معاشرے کو بے راہ روی کی طرف لے جارہے ہیں۔