ٹاپس کا ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے حکم کا خیر مقدم

268

کراچی(اسٹاف رپورٹر)دی آرگنائزیشن آف پاکستان اسٹیل آفیسرز (ٹاپس) نے سندھ ہائی کورٹ کی طرف سے ریٹائرڈ ملازمین بشمول پٹیشنرز اور نان پٹیشنرز کو واجبات کی ادائیگی کے حکم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ریٹائرڈ ملازمین کی فتح اور جدوجہد کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ فیصلے کے مطابق 31اگست 2020ء تک ریٹائرڈ ہونے والے تمام ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کی راہ ہموار ہو گئی ہے ۔ ٹاپس کے عہدیداران نے کہا کہ اس سلسلے میں الکاسب فائونڈیشن کے کونسل بیرسٹر حسیب جمالی اور پٹیشنر سید عمر باقی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جن کی
کوششوں سے واجبات کی ادائیگی یقینی ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حسیب جمالی کی جانب سے 31اگست تک ریٹائرڈ ہونے والے نان پٹیشنر کی فہرست اور واجبات کی مکمل تفصیلات عدالت کو فراہم کردی گئیں اور معزز جج صاحبان نے ان کی فراہم کردہ دستاویزات کی روشنی میں سیکرٹری پروڈکشن ، سیکرٹری فنانس اور سی ای او پاکستان اسٹیل کو پابند کیا کہ 30ستمبر تک نان پٹیشنرز کی واجب الادا رقم مبلغ11ارب 68کروڑ روپے ناظر ہائی کورٹ کے پاس جمع کرائی جائے اور 6اکتوبر کو کمپلائنس رپورٹ بھی جمع کرائی جائے ۔ عدالت کے حکم کے مطابق پٹیشنرز کی رقم کی ادائیگی 30ستمبر تک کر دی جائے ۔ ٹاپس نے پاکستان اسٹیل کے نئے سی ای او کا بھی خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید اور توقع کا اظہار کیا کہ وہ ادارے کی بحالی کے لیے اپنی تمام تر کوشش بروئے کار لائیں گے اور تمام ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی سمری بنا کر متعلقہ وزارت کو ارسال کریں گے ۔ ٹاپس نے تمام پٹیشنرز اور نان پٹیشنرز ریٹائرڈ ملازمین سے اپیل کی وہ آپس میں اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اپنی قانونی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں ۔