میہڑ، شہزادو سولنگی کے قتل میں اہلیہ کے ملوث ہونے کا خدشہ

210

میہڑ (نمائندہ جسارت) سندھی بٹڑا کے گاؤں میرو کلہوڑو میں 7 ماہ قبل قتل ہوئے شہزادو سولنگی کے قتل میں اہلیہ کے ملوث ہونے کا خدشہ، بیٹی کا درخواست میں دوبارہ پوسٹ مارٹم کا مطالبہ، عدالتی احکامات پر قبر کشائی، اجزا لیے گئے۔ میہڑ سندھی بٹڑا کے قریب رادہن تھانے کی حدود گاؤں میرو کلہوڑو میں 23 فروری پر اپنے گھر میں فائرنگ کے باعث قتل ہوئے شہزداو سولنگی کی بیٹی نصرت سولنگی کی دوبارہ پوسٹ مارٹم کی درخواست پر عدالتی احکامات کے تحت فرسٹ سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ میہڑ محمد اسلم کلہوڑو ڈاکٹر سرجن سعید احمد شیخ، ایس ایچ او رادہن منظور مستوئی، سندہی بٹڑا پولیس اسٹیشن انچارج بہورل سومرو کی نگرانی میں پولیس نفری اور ڈاکٹروں کی ٹیم کی جانب سے مقتول کی قبر کشائی کر کے دوبارہ پوسٹ مارٹم کے اجزا لیے گئے۔ نصرت سولنگی کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر میں الزام لگایا گیا کہ سوتیلی ماں نجمہ سولنگی نے دیگر دو ملزمان سے مل کر میرے والد کو نشہ دے کر قتل کروایا۔ نصرت سولنگی نے جج، پولیس، ڈاکٹروں اور صحافیوں کے آگے روتے ہوئے کہا خدا کے واسطے میرے والد کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کیا جائے۔ انصاف نہیں ملا تو خود سوزی کر لوں گی۔ مقتول کی بیٹی نصرت سولنگی کی درخواست پر عدالتی حکم پر سول جج کی قیادت میں قبر کشائی کر کے دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے اجزا لیے گئے جبکہ شہزادو سولنگی کا قتل کیس رداہن تھانے پر بیٹی کے الزامات کے تحت دوسری اہلیہ نجمہ کی فریاد پر ملزمان ولی محمد، جمعو اور دیگر کیخلاف درج کیا گیا تھا جو عدالت میں چل رہا ہے۔