لاڑکانہ ، چنگ چی رکشے پر فائرنگ ، دو سگے بھائی موقع پر جاں بحق

205

 

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) قنبر شہداد کوٹ ضلع کی تحصیل میرو خان کے قریب وارہ پل کے قریب مسلح افراد نے چنگ چی پر سوار افراد پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں لاڑکانہ شہر کے رہائشی دو سگے بھائی اعجاز اور ایاز مغیری موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں شکارپور لکھی در کا رہائشی ایڈووکیٹ غلام مصطفی مہر شدید زخمی ہوئے، اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر لاشیں اور زخمی کو میرو خان اسپتال منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں، تاہم زخمی ایڈووکیٹ کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ اس حوالے سے میرو خان تھانہ پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، تمام جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔ علی گوہر آباد تھانہ پولیس نے دوران چیکنگ ملزم عامر جتوئی کو پستول اور گولیوں سمیت جبکہ رحمت پور پولیس نے پیر مراد شاہ کے قریب ملزم موسیٰ لْہر کو دو کلو چرس سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عامر جتوئی پر سندھ آرمز ایکٹ کے تحت جبکہ ملزم موسیٰ لْہر پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔