جھڈو، صاف پانی کی عدم فراہمی ، متاثرین کے کیمپوں میں امراض پھوٹ پڑے

209

 

جھڈو (نمائندہ جسارت) متاثرین برسات کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا جبکہ صاف پانی کی عدم فراہمی سے متاثرین کے کیمپوں میں وبائی امراض پھوٹ پڑے۔ جمعہ کی دوپہر جھڈو اور نواحی علاقوں میں مسلسل دو گھنٹے کی تیز اور موسلادھار بارش سے آسمان تلے پناہ لیے بے یارو مددگار متاثرین سیلاب کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ تیز بارش سے متاثرین کے خیموں میں پانی داخل ہوگیا اور کیچڑ سے متاثرین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے متاثرین برسات کو خیمے تقسیم کرنے کا عمل سست روی کا شکار ہے اور متاترین نے الزام عائد کیا ہے کہ خیمے من پسند افراد کو سیاسی سفارش کی بنیاد پر تقسیم کیے جارہے ہیں۔ جھڈو، نوکوٹ روڈ، جھڈو نبی سر روڈ، جھڈو سامارو روڈ اور جھڈو ٹنڈو جان محمد کی جانب جانے والی سڑکوں پر دونوں طرف خیمے لگے متاثرین کی بہت بڑی تعداد موجود ہے جو خیموں سے تاحال محروم ہے۔ دوسری جانب ہر سمت برساتی پانی موجود ہونے اور صاف پانی کے بجائے آلودہ پانی کے استعمال سے متاثرین کے کیمپوں میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔ متاثرین کی اچھی خاصی تعداد بالخصوص بچے پیٹ کے امراض، الٹی، دست اور قے جیسی بیماریوں میں مبتلا ہوگئے ہیں جنہیں فوری ادویات کی ضرورت ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے متاثرین کی طبی امداد کے لیے تاحال اقدامات نہیں کیے گئے ہیں جبکہ بعض فلاحی اداروں نے متاثرین کے لیے طبی کیمپوں کا انعقاد کیا ہے۔