قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

373

اے نبیؐ، تم سے جو کچھ کہا جا رہا ہے اس میں کوئی چیز بھی ایسی نہیں ہے جو تم سے پہلے گزرے ہوئے رسولوں سے نہ کہی جاچکی ہو بے شک تمہارا رب بڑا درگزر کرنے والا ہے، اور اس کے ساتھ بڑی دردناک سزا دینے والا بھی ہے۔ اگر ہم اِس کو عجمی قرآن بنا کر بھیجتے تو یہ لوگ کہتے ’’کیوں نہ اس کی آیات کھول کر بیان کی گئیں؟ کیا عجیب بات ہے کہ کلام عجمی ہے اور مخاطب عربی‘‘ اِن سے کہو یہ قرآن ایمان لانے والوں کے لیے تو ہدایت اور شفا ہے، مگر جو لوگ ایمان نہیں لاتے اْن کے لیے یہ کانوں کی ڈاٹ اور آنکھوں کی پٹی ہے اْن کا حال تو ایسا ہے جیسے اْن کو دور سے پکارا جا رہا ہو۔ (سورۃحٰم السجدہ:43تا44)
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’دو کلمے ایسے ہیں جو اللہ تبارکو تعالیٰ کو بہت ہی پسند ہیں جو زبان پر ہلکے ہیں اور قیامت کے دن اعمال کے ترازو میں بوجھل اور باوزن ہوں گے، وہ کلمات مبارکہ یہ ہیں سبحان اللہ وبحمدہ، سبحان اللہ العظیم‘‘۔ (صحیح بخاری)
سیدنا ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی کریمؐ نے فرمایا جو کوئی لوگوں کا مال قرض کے طور پر ادا کرنے کی نیت سے لیتا ہے تو اللہ تعالیٰ بھی اس کی طرف سے ادا کرے گا اور جو کوئی نہ دینے کے لیے لے، تو اللہ تعالیٰ بھی اس کو تباہ کر دے گا۔ (صحیح بخاری)