عمران نے عافیہ کے لیے سڑکوں پرنکلنے کاوعدہ پورا نہیں کیا‘ڈاکٹرفوزیہ

169

کراچی( اسٹاف رپورٹر) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عافیہ پاکستان کی تاریخ کا حصہ بن چکی ہے ، جسے فراموش کرنا ممکن نہیں ہے۔سابق حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمران بھی تاریخی غلطی کررہے ہیں۔حکومت پاکستان عافیہ کی رہائی کے مواقع مسلسل ضائع کررہی ہے‘ آج سے ٹھیک 12 سال پہلے 2008 ء میں، مجھے عمران خان نے ہی کہا تھا کہ آپ کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا، عافیہ گھر بیٹھے رہنے سے واپس نہیں آئے گی۔انہوں نے سوال کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلیے اب مجھے عمران خان کی حکومت میں سڑکو ں پر نکلتے ہوئے شرم نہیں آئے گی؟ وہ اپنی رہائش گاہ پر مختلف سیاسی و سماجی رہنمائوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہی تھیں ،جس میں سید عماد الدین، رضوان اشرف ڈاکٹر روبینہ یاسمین ،طارق محمود جمشید حسین،تنظیم سید اویس بخاری، طٰحہٰ احمدانی، وزیر رضا، افضل وارثی، سیداسد علی شاہ بخاری و دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے اجلاس کے شرکاء کو مزید بتایا کہ 2 سال پہلے پاکستانی قونصلر جنرل عائشہ فاروقی نے عافیہ سے امریکی جیل میں ملاقات کے بعد وزارت خارجہ میں جو رپورٹ جمع کرائی تھی اس کے مطابق عافیہ کی ذہنی اور جسمانی حالت قابل تشویش تھی۔ کووڈ19 کے بعد کارزویل ویل جیل سے مسلسل تشویشناک اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ تواتر کے ساتھ مجرم قیدیوں کی سزائیں معاف کررہے ہیں جبکہ عافیہ تو بے گناہ ہے۔ حکومت پاکستان عافیہ کی رہائی کے مواقع مسلسل ضائع کررہی ہے۔