سودی نظام کے خاتمے کے لیے کمیٹی تشکیل مفتی تقی عثمانی سربراہ مقرر

616

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے سودی نظام کے خاتمے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی جس کے سربراہ مفتی تقی عثمانی ہوں گے۔فیض اللہ کموکا کی زیرصدارت اجلاس میں ارکین کا کہنا تھا کہ سودی نظام اللہ اور اس کے رسولﷺ سے اعلان جنگ ہے۔کمیٹی چیئرمین کے مطابق کمیٹی وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک حکام سے قانون سازی کے حوالے سے مشاورت کرے گی۔ایڈیشنل سیکرٹری
خزانہ ڈاکٹر ارشد محمود کا کہنا تھا کہ2 سال انتظار نہیں کیا جاسکتا، گورنمنٹ ڈیپازٹس اسلامی بینکنگ کے تحت کیے جائیں، شریعۃ کمپلائینس کے ذریعے علما کے فتووں سے اسلامک بینکنگ نظام چل رہا، اسلامی بینکنگ کے حوالے سے اب تک 10 سے 12 فیصد کامیابی ملی ہے۔(ن) لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ نیشنل بینک کے صدر عارف عثمانی پر منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں کیا یہ درست ہیں؟ آپ نے کہا کہ آپ کو اسد عمر نے واٹس ایپ پر سی وی کے ذریعے منتخب کیا۔اس موقع پرعارف عثمانی کا کہنا تھا کہ میرے اوپر منی لانڈرنگ کا کوئی کیس نہیں،میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، میں نے اسد عمر کو واٹس ایپ پر سی وی بھیجا اور وڈیو لنک پر انٹرویو ہوا، اسد عمر، عشرت حسین اور رزاق داؤد نے انٹرویو لیا، اسد عمر کے بھائی منیر کمال کے ساتھ کام کیا ہے، اسد عمر سے بھی واقفیت ہے، میری تعیناتی میرٹ پر ہوئی ہے۔