کے الیکٹرک کی بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست ، نیپراکا ہلاکتوں کا نوٹس

244

 

کراچی، لاہور (اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جسارت) کے الیکٹرک نے ای سی سی کی جانب سے بجلی مہنگی کرنے کے 2 روز بعد ہی بجلی مزید مہنگی کرنے کے لیے درخواست کردی۔کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو درخواست دے دی۔کے الیکٹرک نے نیپرا سے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 54 پیسے مزید اضافے کی درخواست کی ہے اور مزید 143 ارب 86 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی اجازت بھی مانگی ہے۔نیپرا میں کے الیکٹرک کی
درخواست پر سماعت 16 ستمبر کو کی جائے گی۔واضح رہے کہ 2 ستمبر کو مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی سربراہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں کراچی کے صارفین کے لیے بجلی ایک روپے 9 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔علاوہ ازیںنیشنل الیکٹرک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں حالیہ بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے شہریوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔نیپرا سے جاری نوٹس میں کہاگیا ہے کراچی میں جولائی اور اگست میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر سخت نوٹس لیا گیا ہے اور اس حوالے سے ایک تحقیقا تی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔نوٹس کے مطابق ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ کی سربراہی میں کمیٹی کراچی جا کر کے-الیکٹرک کے خلاف تحقیقات کرے گی اور نیپرا قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق حقائق تلاش کرے گی۔کمیٹی مکمل تحقیقات کے بعد تفصیلی رپورٹ نیپرا کو پیش کرے گی اور اس رپورٹ کے تناظر میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔