کوئٹہ میں مسجد کے قریب  بم دھماکا‘3 افراد زخمی

146

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) سریاب روڈ پر ولی جیٹ کے علاقے میں مسجد کے قریب بم دھماکا، دھماکے میں3 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طورپر اسپتال منتقل کردیا گیا، جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے، دھماکاموٹر سائیکل میں نصب بم پھٹنے کے باعث
ہوا۔دھماکے سے قریب میں کھڑی4 موٹرسائیکلیں بھی جل کر تباہ ہوگئی ہیں۔واقعے کے فوری بعد پولیس، ریسکیو کی ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی شناخت زبیر احمد ولد حاجی شیرزادہ، مقبول احمد ولد محمد عثمان اور صورت خان ولد گل محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا تھا جس میں2 سے ڈھائی کلو دھماکا خیز مواد اور بال بیرنگ کا استعمال کیا گیا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں دھماکے کے بعد آئی جی سندھ نے صوبائی پولیس کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیے۔ جس میں کہا گیا کہ صوبائی سطح پر سیکورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کیاجائے، کراچی سمیت صوبے بھر کے پولیس افسران کو کہا گیا کہ پیٹرولنگ، پکٹنگ اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کے عمل کو سخت کردیا جائے اور ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز علاقوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں، ساتھ ہی تمام مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر سیکورٹی کو غیر معمولی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔