ترکی کا ہاتھوں اور پیروں سے محروم شامی بچے کا مفت علاج کرانے کا اعلان

386

انقرہ: ترک حکومت نے انسانی ہمدردی کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے پیدائشی طور پر ہاتھوں اور پیروں سے محروم شامی بچے کا مفت علاج کرانے کا اعلان کردیا۔

ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق شامی بچے کی عمر 14 ماہ اور نام محمد ہے۔ محمد شام کے شہر ادلب کا رہائشی ہے۔ چند روز قبل محمد کے والد مصطفیٰ نے محمد کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ترک حکومت سے محمد کے علاج کرانے کی اپیل کی تھی۔

تصویر کے وائرل ہوتے ہی ترکی کے وزیر داخلہ نے محمد کے اہل خانہ سے رابطہ کر کے انہیں ترک آنے کی دعوت دی۔ کمسن محمد اور ان کے اہل خانہ بدھ کو ترکی پہنچے۔

محمد کا علاج مصطفیٰ کمال یونیورسٹی ریسرچ اینڈ ٹریننگ اسپتال میں کیا جائے گا۔ ڈاکٹر محمد کے علاج کی حکمت عملی طے کر رہے ہیں جس کے بعد اس شامی بچے کو مصنوعی ہاتھ اور پیر لگائے جائیں گے۔

محمد کے والد مصطفیٰ نے ترک میڈیا سے گفتگو میں انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ترک حکومت اور صدر رجب طیب اردوان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔