وزیراعظم عاصم باجوہ کی وضاحت سے مطمئن، استعفیٰ مسترد کردیا

463

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات لیفٹیننٹ جنرل (ر)  عاصم سلیم باجوہ کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔

وزیرعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق معاون خصوصی عاصم باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، اور وزیراعظم کو اپنا استعفیٰ پیش کیا، جسے  انہوں نے قبول کرنے سے انکار کردیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ لیفٹنٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے جو ثبوت اور وضاحت پیش کی گئی ہے وہ اس سے مطمئن ہیں لہٰذا وزیر اعظم نے انہیں بطور معاون خصوصی کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ عاصم سلیم باجوہ نے گزشتہ روزصحافی احمد نورانی کی خبر پر وضاحت جاری کی تھی، انہوں نے اپنے اور خاندان کے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی تھی، تاہم انہوں نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ معاون خصوصی برائے اطلاعات کا عہدہ چھوڑ دیں گے جبکہ چیئرمین سی پیک کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔