اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا حق مل گیا

602

اسلام آباد:اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوش خبری، تحریک انصاف حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ کیا ہوا وعدہ پوراکردیا،انھیں بھی الیکشن لڑنے کا حق مل گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے کیا وعدہ پورا کردیا،اوورسیز پاکستانیوں کے الیکشن لڑنے کے سلسلے میں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔

اس سلسلے میں وزیر اعظم کے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے نجی ٹی و ی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے کا وعدہ کیا لیکن یہ معاملہ وعدوں سے آگے تکمیل تک نہیں پہنچایا جا سکا تھا۔

بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے کیا وعدہ پورا کر دیا، اس سلسلے میں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے معاملہ پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے، اس نئی ترمیم کے تحت دہری شہریت کا حامل شخص الیکشن لڑنے کا اہل ہوگا۔

مشیر پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ الیکشن ہارنے کی صورت میں دہری شہریت چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم الیکشن جیتنے کی صورت میں عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل شہریت چھوڑنا ہوگی۔