نیب دفتر پر ہنگامہ آرائی کیس، کیپٹن ر صفدر کی ضمانت خارج  

461

لاہور: نیب دفتر پر ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سمیت 16 ملزمان کی ضمانتیں خارج کردی گئیں۔  

تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کوروٹ میں نیب دفتر میں پیشی پر ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سمیت 16 رہنمائوں کی ضمانتیں خارج کردیں اورتمام ملزمان کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

خیال رہے کہ نیب لاہور کی جانب سے رائیونڈ اراضی کیس میں مریم نواز کو 11 اگست 2020 کو  طلب کیا گیا تھا تاہم ان کے وہاں پہنچنے سے قبل ن لیگ کے کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تصادم ہوا جس کے دوران پتھر بھی برسائے گئے جبکہ پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج بھی کیا گیا تھا۔

ن لیگ اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تصادم پر پنجاب کے وزیرقانون راجہ بشارت نے دعویٰ کیا تھا کہ نیب کے دفتر اور پولیس پر نواز لیگ کے کارکنوں کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں میں پتھر لائے گئے۔

پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ 4 پولیس اہلکار تصادم کے دوران زخمی ہوئے ہیں اور بتایا کہ انھیں نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب اور انسپیکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا تھا۔