عرب ممالک نے وعدے پورے نہیں کئے، فلسطینی صدر

564

بیت المقدس:فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا ہےکہ عرب ممالک نے فلسطینی عوام سے کئے گئے مالی معاونت کے وعدے بھی پورے نہیں کئے، کسی کو ہمارا ترجمان بننے کی ضرورت نہیں ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین کی مختلف نمائندہ تنظیموں کے سربراہوں کے اجلاس سے خطاب کیا، اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر قبضے اور یو اے ای کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور دونوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

محمود عباس نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ ایک عالمی امن کانفرنس بلائی جائے ، اس سال کے شروع ہوتے ہی فلسطینی اتھارٹی پر دباوٗ بڑھنا شروع ہو گیا ہے۔

حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ امریکی صدر کے امن معاہدے کے خطرناک نتائج سامنے آ رہے ہیں، امریکی امن معاہدے اور امریکی دباوٗ پر عرب ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور اس کے ساتھ معاہدے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے جس کا سب سے بڑا نقصان فلسطین کی علیحدہ ریاست کے قیام میں کی جانے والی کوششوں کو پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کو مسقبل میں کئی بڑے خطرات کا سامنا کرنا ہو گا کیونکہ عرب ممالک آہستہ آہستہ امریکی بلاک کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔

حماس کے ترجمان حزیم قاسم نے کہا کہ یو اے ای اور دیگر عرب ممالک کا اسرائیل کی طرف جھکاوٗ ایک خطرناک کھیل ہے۔