عاصم باجوہ پر الزامات کی تردید یا تحقیق کی جائے، حافظ حسین

155

کوئٹہ( آن لائن) جمعیت علما اسلام کے ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ عاصم سلیم باجوہ پر الزامات کی تردید یا تحقیق کی جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں، بلوچستان کی ترقی کے لیے آئے کھربوں روپوں کے فنڈز کہاں ہیں، نیب خاموش کیوں؟، ٹینکوں سے اربوں روپے برآمد ہوئے لیکن احتساب کے حوالے سے کوئی بات آگے نہیں بڑھ سکی۔جمعرات کے روز اپنی رہائشگاہ جامع مطلع العلوم میں مختلف وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا
کہنا تھا کہ عاصم سلیم باجوہ کا ابھی اس ادارے سے کوئی تعلق نہیں اب تو وہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور سی پیک کے سربراہ ہیںاس لیے ضروری ہے کہ عاصم سلیم باجوہ پر جو الزامات ہیں ان کی تردید کی جائے یا تحقیقات کی جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں کہا جارہا ہے کہ عاصم سلیم باجوہ پر الزامات بین الاقوامی سازش کا حصہ ہے اگر یہ بین الاقوامی سازش ہے تو اسے بے نقاب کیا جائے تاکہ معلوم ہوسکے کہ اصل حقائق کیا ہیں لیکن ماضی کے تجربات کی روشنی میں دیکھا گیا ہے کہ جنرل پرویز مشرف اور دیگر ریٹائرڈ لوگ احتسابی ڈنڈے کی دسترس سے باہر رہے ہیں اور عدالتی شکنجے سے بھی ان کو بچایا گیا ہے۔ جے یو آئی کے ترجمان نے کہا کہ آغاز حقوق بلوچستان پیکیج سے لیکر آج تک جو کھربوں روپے بلوچستان میں آئے وہ یا تو کرپشن کی نذرہوئے ہیں یا پھر لیپس ہوکر واپس چلے گئے اس لیے ضروری ہے کہ کرپشن کے متعلق جو باتیں سامنے آرہی ہیں ان کی تحقیقات کی جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوسکے۔