شہباز شریف کا پیرس بنانے کا چورن نہیں بکے گا، ہمایوں اختر

179

لاہور (آن لائن) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا پیرس بنانے کا چورن نہیں بکے گا، عوام باشعور ہوچکے ہیں، وزیرا عظم تمام صوبوں میں بلا امتیاز ترقی کے خواہشمند ہیں، دورہ کراچی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ان خیالات کااظہارا نہوںنے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیرون ملک علاج کے حوالے سے سب کچھ عدالت کے سامنے لکھا گیا ہے اور اب عدالت نے ہی انہیں سرنڈر کرنے کا کہا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سیاست جس نہج پر پہنچ گئی ہے اس کے بارے میں بات کرنا ہی وقت کا ضیاع ہے ۔اپوزیشن کی اے پی سی کی بیل منڈھے چڑھتی ہے یانہیں یہ تو وقت بتائے گا لیکن حکومت کو اس سے کوئی گھبراہٹ نہیں بلکہ اپوزیشن جماعتوں کی اپنی گھبراہٹ بڑھتی جارہی ہے اور ان کی سیاسی نبض بھی ڈوب رہی ہے، ہماری تو خواہش ہے کہ کسی نہ کسی طرح اپوزیشن کی اپنی عزت رہ جائے۔