مسلمانوں کی دل آزاری پر اقوام متحدہ کی خاموشی سوالیہ نشان ہے،ابو الخیر زبیر

749

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیرنے فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اورسویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمام مذاہب کی کتب اور عبادت گاہوں کا احترام اقوام متحدہ کے عالمی چارٹر کا حصہ ہے مگر افسوس شعائر اسلام،پیغمبر اسلام اور قرآن پاک کے معاملے میں اقوام عالم دوہراہ معیار اختیار کیے ہوئے ہے ،یہی وجہ ہے کہ فرانسیسی میگزین
’’چارلی اہیبڈو‘‘ کی جانب سے ایک بار پھر توہین آمیز خاکے شائع کیے گئے ہیں اور سویڈن میں قرآن پاک کو نذر آتش کرکے مسلمانوں کی سخت دل آزاری کی گئی ہے جس پر اقوام متحدہ کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ مغربی استعمار کی جانب سے متواتر اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈے اختیارکر کے عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کی کوششوں کو سخت نقصان پہنچایاگیااسکا سلامتی کونسل کو فوری ایکشن لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام بالخصوص OICقرآن اور صاحب قرآن حضور ﷺ کے توہین آمیز خاکوں کا فوری نوٹس لے اور اس قبیح فعل پرمشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔ حکومت پاکستان محض مذمت پر اکتفا نہ کرے بلکہ عالمی فورم پر اس معاملہ کو اٹھائے تاکہ متواتر ہونے والی توہین آمیز حرکتوں کی روک تھام ہوسکے۔