کراچی: مختلف علاقوں سے 8 دن بعد بھی بارش کاپانی نکالانہ جاسکا

156

کراچی (نمائندہ جسارت) کراچی کے مختلف علاقوں سے بارش کاپانی آٹھویں روز بھی نہیں نکالاجاسکا ہے۔ ایم اے جناح روڈ، تین ہٹی روڈ،لیاقت آباد،جہا نگیرروڈ،ڈیفنس، کلفٹن، نیاناظم آباد ،اورنگی ٹاون،کھارادر ،قیوم آباد،لیاری ،شیر شاہ،بلدیہ ٹاون سمیت دیگر علاقوں میں سیوریج اور بارش کاپانی جگہ جگہ موجود ہے ، اولڈسٹی ایریا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا پانی جمع ہے، ٹاور کے علاقے سے بھی پانی نہیں نکالاجاسکاہے، مذکورہ علاقوں میں گلیوں اور مین روڈ پر بھی کچرے کا ڈھیر لگ گیا ہے جس کی وجہ سے تعفن پھیل گیا ہے اور بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ شہرمیں بارش تو رک گئی ہے لیکن مسائل نہیں رک رہے ہیں،نیاناظم آباد، اورنگی ٹاؤن میں مکانات آج بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، مکینوں کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔جن علاقوں سے جہاں سے پانی نکل گیا اب وہاں گندگی اور کیچڑ موجود ہے۔ مختلف شاہراہوں پر سیوریج کا پانی جمع ہونے سے گندگی کے ساتھ ٹریفک روانی بھی شدید متاثر ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے پانی کی نکاسی کے کسی قسم کے اقدامات نہیں کیے جارہے۔