بحریہ ٹائون متاثرین کے چیک ریفنڈ مثبت پیش رفت ہے‘ سیف الدین

302
جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ ادارہ نور حق میں بحریہ ٹائون کے متاثرہ الاٹیز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈکمیٹی کے تحت بحریہ ٹائون کے متاثرہ الاٹیز کے مسائل کے حل کے لیے قائم مذاکراتی کمیٹی کے ارکان اور متاثرہ الاٹیز کا ایک مشاورتی اجلاس ادارہ نور حق میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کی صدارت مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ و صدر پبلک ایڈ کمیٹی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کی ۔ اجلاس میں متاثرہ الاٹیز کو بحریہ ٹائون سے ہونے والے تحریری معاہدے پر عمل درآمد ، اب تک ہونے والی مثبت پیش رفت اور مسائل کے حل میں تاخیر ورکاوٹوں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں شریک الاٹیز نے اپنے ریفنڈ چیک ملنے پر اظہار تشکر کیا اور بعض الاٹیز نے اپنے مسائل اور مشکلات سے بھی آگا ہ کیا۔ اجلاس میں مسائل حل ہونے تک جدو جہد جاری رکھنے کا عزم کیا گیا ۔ اجلاس سے پبلک ایڈ کمیٹی کے سیکرٹری نجیب ایوبی ، نائب صدر عمران شاہد اور دیگر ذمے داران نے بھی خطاب کیا۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بحریہ ٹائون کے سربراہ ملک ریاض کے ساتھ ہونے والے تحریری معاہدے پر مکمل عمل درآمد ہوگا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سمیت اندرون ملک ہزاروں الاٹیز کو ریلیف ضرور ملے گا ۔ گزشتہ2 ماہ کے دوران ہونے والی پیش رفت میں متاثرین کو ان کے چیک ملنے شروع ہو گئے ہیں اور ری لوکیشن کے مسائل بھی حل ہو رہے ہیں ۔ کورونا وبا سے پیدا شدہ صورتحال کے باعث کچھ تاخیر ہوئی ہے ۔ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں الاٹیز کو مزید ریلیف ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ لوگوں کے مسائل کے حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اور بحریہ ٹائون کے متاثرین کے مسائل کے حل ہونے تک ہم ان کے ساتھ ہیں ۔ ان کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی بد قسمتی ہے کہ ملک کے اندر مؤثر حکومت اور بہتر عدالتی نظام نہیں ہے اگر ہوتا تو آج متاثرین بحریہ ٹائون کے ساتھ وہ کچھ نہ ہوتا جو ہورہا ہے ۔