کیماڑی آئل ٹرمینل میں آتشزدگی ،2 افراد ہلاک،تیل فراہمی معطل

170

کراچی (نمائندہ جسارت) کراچی کے کیماڑی آئل ٹرمینل پرآگ لگنے سے 2 افراد جھلس کر جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔آگ کیماڑی آئل ٹرمینل ون میں پیٹرول کے یونٹ میں لگی، پاک بحریہ، سندھ رینجرز اور دیگر ریسکیو اداروں نے آگ بجھائی۔جاں بحق ہونے والے دونوں افرادکچھی پاڑہ کے رہائشی تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت دونوں افراد آئل ٹرمینل میں کام کررہے تھے، جاں بحق افراد کی شناخت شاہد اور صالح محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جھلس کر جاں بحق ہونے والے دونوں افرادٹینکر ڈرائیور ہیں، آگ کے وقت دونوں افراد ٹرمینل میں موجود تھے۔کیماڑی آئل ٹرمینل پرآگ لگنے سے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل ہوگئی۔آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین شمس شاہوانی کا کہنا ہے کہ آگ سے ہمارا کافی نقصان ہوا ہے، حالات کی بہتری تک پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی روک دی اور فی الحال اپنی گاڑیاں آئل ٹرمینل سے ہٹالی ہیں ۔فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ کیماڑی آئل ٹرمینل پرلگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔آئل کمپنیز ذرائع نے بتایا کہ کیماڑی تیل پائپ لائن مرمت کے دوران آگ لگی۔ کیماڑی آئل ٹرمینل میں آگے سے زخمی ہونے والے 3 افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔زخمیوں کی شناخت شاہد،کاشف اور فیاض کے نام سے ہوئی ہے۔ ذائع برنس سینٹر کے مطابق شاہد کا جسم 27 فیصد، کاشف کا 61 فیصد اور فیاض کا جسم 59 فیصد جھلس چکا ہے۔پی ایس او ترجمان نے مزید بتایا کہ آتشزدگی کے نتیجے میںکیماڑی آئل ٹرمینل پر واقع پی ایس او کی تنصیبات بالکل محفوظ ہیں،تاہم حفظ ماتقدم کے طور پر پی ایس او کی جانب سے کیماڑی سے ایندھن کی فراہمی فوری طور پر معطل کردی گئی۔