جیکب آباد کے بلدیہ ملازمین کو تنخواہ نہ مل سکی

305

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد کے بلدیہ ملازمین کو تنخواہ نہ ملی، حکومتی احکامات پر عمل نہ ہوا، بلدیہ ملازمین سالانہ بجٹ میں بڑھائی گئی تنخواہ سے بھی محروم۔ جیکب آباد کے بلدیہ ملازمین کو حکومتی احکامات کے باوجود عاشورہ سے قبل تنخواہ نہ ملی۔ سندھ حکومت کی جانب سے 27 اگست کو صوبے کے بلدیاتی اداروں کو او زیڈ ٹی شیئر جاری کیا گیا تھا لیکن اس کے باجود تاحال بلدیہ جیکب آباد کے ملازمین کو تنخواہوں کا اجراء نہیں ہوسکا۔ بلدیہ ملازمین کو سالانہ بجٹ میں 10 فیصد بڑھائی گئی تنخواہ بھی گزشتہ ماہ سے نہ دینے کی شکایات ہیں۔ اس سلسلے میں لوکل آڈٹ فنڈ کے افسر ملک نعیم نے رابطے پر بتایا کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے بجٹ اجرا کا صرف لیٹ جاری کیا تھا، اکائونٹ میں پیسے منتقل نہیں ہوئے تھے، اس وجہ سے تنخواہ نہیں ہوسکی جبکہ بجٹ میں بڑھائی گئی تنخواہ ملازمین کے بلوں میں کیوں نہیں لگائی جارہی، یہ تو بلدیہ افسران ہی بتاسکتے ہیں۔ ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی بھی کی جاتی ہے، ہمارا کام اضافی بل نہ بنا ہو اس کو دیکھنا ہوتا ہے، جبکہ سی ایم او نصر اللہ سرکی کا کہنا تھا کہ او زیڈ ٹی شیئر تاخیر سے ملا، بجٹ میں بڑھائی گئی تنخواہ کے لیے حکام بالا کو لکھا ہے کہ او زیڈ ٹی شیئر بڑھا کردیا جائے۔