شجر کاری مہم میں طالبات کا کردار قابل تعریف ہے، امجد احمد شیخ

246

کوٹری (پ ر) نوجوان طبقہ مثبت سرگرمیوں سے ملکی ترقی وخوشحالی میں اپنا کردار بخوبی ادا کرسکتا ہے۔ پڑھائی کے ساتھ نوجوان ہنر مند پیشوں میں جدت لاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی جامشورو امجد احمد شیخ اور کوٹری ایسوسی ایشن ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کے صدر خلیل بلوچ نے شجر کاری مہم کے حوالے سے منعقد تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پولیس افسران صنعتکار اور جامعات کے طلبہ نے شرکت کی۔ ایس ایس پی جامشورو امجد شیخ نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا سب سے بڑی وجہ شجر کاری سے دوری ہے جس کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیکر ماحول کو سر سبز وشاداب بنایا جاسکتا ہے۔ شجر کاری مہم میں طالبات کا کردار قابل تعریف ہے نوجوان طبقہ مثبت سرگرمیوں سے ملکی ترقی وخوشحالی میں بھر پور کردار ادا کرسکتے ہیں۔ کاٹی کے صدر خلیل بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو سرسبز بنانے کے لیے قومی سطح پر مہم کا آغاز کرنا قابل دید ہے جس میں دیگر شعبوں کی طرح صنعتیں بھی اپنا کردار ادا کررہی ہیں اور صنعتی زون کے علاوہ دیگر جگہوں پر درخت لگا کر ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پڑھائی کے ساتھ ہنرمند پیشوں میں اپنی خدمات انجام دیکر جدت لاسکتے ہیں جس کے لیے حکومتی ونجی سطح پر مختلف پروگرام چل رہے ہیں۔ تقریب میں مہمان خاص ایس ایس پی جامشورو اور صدر کاٹی نے پودا لگا کر ملکی ترقی وخوشحالی کے لیے دعا مانگی۔