حیدرآباد ،بلدیہ اعلیٰ نے صفائی مہم کا آغاز کردیا

106

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کی جانب سے برسات کے بعد صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا، صفائی مہم کا آغاز پریس کلب کے باہر رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے جھاڑو لگا کر کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر انیس احمد دستی، پیپلز پارٹی کے ایم پی اے عبدالجبار خان، بلدیہ کے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صلاح الدین، اسسٹنٹ سراج شاہ، انجینئر خالد، انجینئر منظور زرداری ودیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ایم پی اے عبدالجبار خان نے صحافی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کی شروعات کردی گئی ہیں، جلد حیدر آباد شہر کو مکمل طور پر صاف کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے بیشتر علاقوں سے برساتی پانی نکال دیا گیا ہے، تاہم کچھ علاقے اب بھی متاثر ہیں، جہاں سے نکاسی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے سندھ کے تقریباً تمام شہر متاثر ہوئے ہیں، حتیٰ کہ کراچی میں ڈی ایچ اے اور کلفٹن کے علاقے بھی حالیہ بارشوں سے متاثر ہیں، تاہم سندھ حکومت تمام شہروں میں نظام زندگی کی بحالی میں مکمل طور پر فعال اور متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدر آباد شہر بھی دیگر شہروں کی طرح بارشوں سے متاثر ہوا ہے، اب چونکہ برسات کا سلسلہ تھم چکا ہے ایسے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے میونسپل کمشنر انیس احمد دستی نے شہر کو صاف ستھرا بنانے کی غرض سے بلدیہ اعلیٰ کی جانب سے جس صفائی مہم کا آغاز کیا ہے ان کا یہ احسن اقدام قابل ستائش اور قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حیدر آباد شہر کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتے ہیں۔ میونسپل کمشنر انیس احمد دستی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صفائی مہم کا مقصد شہر و لطیف آباد میں صحت و صفائی کے بہتر انتظامات کے ساتھ بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں گندگی و غلاظت اور کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کا خاتمہ کرنا ہے۔