تقی جعفر اور آصف علوی کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، علما کنونشن

492

کراچی(نمائندہ جسارت) کراچی علما کمیٹی کے سربراہ مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان کی زیر صدارت جمعرات کو کراچی میں کمیٹی کا اجلاس اور علما کنونشن منعقد ہوا ، جس میں کراچی بھر کی مساجد کے ائمہ و خطبااور دینی جماعتوں و تنظیموں کی نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیاگیا ، اعلامیے کے مطابق یہ کنونشن یوم عاشور کے جلوسوں میں بعض ذاکرین خصوصاً کراچی میں تقی جعفر نامی شخص کی جانب سے صحابہ کرام ؓکی شان میں نام لے کر لعن طعن اور گستاخی کا ارتکاب کیا گیا، اشتعال انگیز اور مذہبی تعصب ومنافرت پہ مبنی یہ تقریر سوشل میڈیا اور الیکٹرونک میڈیا کے بعض چینل کے ذریعے لائیو بھی نشرہوئی،جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔اسی طرح ملک کے دیگر شہروں میں بھی اسی قسم کی تقاریر سے امن وامان اور ملک کو عدم استحکام کے ساتھ فرقہ وارانہ آگ میں دھکیلنے کی ایک سوچی سمجھی سازش کا احساس ہر محب وطن کوہورہا ہے۔اس منفی متعصبانہ رویے کی روک تھام کے لیے حکومت کی جانب سے عملی اقدامات نہ کرنا بھی المیے کا باعث ہے۔اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ آج کا دن یوم عظمت صحابہؓ کے طور پر منایاجائے گا،مساجد میں اصحاب رسول ؓکے فضائل ومناقب پہ روشنی ڈالی جائے گی۔ کراچی میں 10 محرم کے جلوس میں جس شخص نے توہین صحابہ کی جسارت کی ہے اس کے خلاف ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرکے اسے گرفتار کیا جائے اور عبرتناک سزا دی جائے۔ تحفظ بنیاد اسلام بل کو اس کی اصل شکل میں قومی و صوبائی اسمبلیوں سے منظور کیا جائے۔ چند روز قبل اسلام آباد میں حضرت ابوبکر صدیق ؓ کی شان میں توہین آمیز تقریر کرنے والے آصف رضا علوی کو بھی فوری گرفتار کیا جائے۔اور اگر وہ بیرون ملک فرار ہوا ہو تو تحویل مجرمان کے قانون کے تحت متعلقہ ملک سے پاکستان لاکر قرار واقعی سزا دی جائے۔کراچی علماکمیٹی کے اجلاس اور کنونشن میں طے کیا گیا کہ 11ستمبر 2020ء بروز جمعہ دوپہر 3 بجے گرومندرتا تبت سینٹر ’’عظمت صحابہؓ ریلی‘‘ نکالی جائے گی۔ جس میں مختلف مذہبی جماعتوں و تنظیموں کے افراد شریک ہوںگے۔