بااثر شخص کی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے، جھڈو تاجر ایسوسی ایشن

319

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو کے تاجر بااثر بلیک میلروں کیخلاف سراپا احتجاج، جھڈو تاجر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی رفیق میمن، جنرل سیکرٹری حاجی علی ناگوری، سیٹھ جاوید نے ہنگامی پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر حاجی علی ناگوری نے کہا کہ سیف اللہ چانڈیو بااثر شخص میری دکان پر آیا اور مجھ سے بھتا وصول کیا، میں نے بھتا مانگنے کی وجہ معلوم کی تو کہنے لگا کہ بس آپ کو دینا پڑے گا، میرے انکار کرنے پر سیف اللہ چانڈیو نے مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور اس کے بعد سوشل میڈیا پر میرے خلاف بے بنیاد الزامات لگا کر مجھے ذہنی اور اخلاقی طور پر بلیک میل کرنے کی ایک منظم کوشش کی۔ علی ناگوری نے کہا کہ میں ایک کاروباری شخص ہوں اور ٹیکس دہندہ ہوں لیکن جھڈو کا مقامی شخص مجھے بلیک میل کررہا ہے۔ علی ناگوری نے کہا کہ اگر مجھے کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کا ذمہ دار سیف اللہ چانڈیو اور اس کے ساتھی ہوں گے۔ اس موقع پر حاجی رفیق میمن اور سیٹھ جاوید نے کہا کہ ہم نے جھڈو پولیس اسٹیشن پر سیف اللہ چانڈیو کیخلاف مقدمہ درج کرنے اور کارروائی کی درخواست دے دی ہے۔ تاجر رہنمائوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی، ایس ایس پی میرپور خاص سے مطالبہ کیا کہ تاجر علی ناگوری کو بلیک میلروں اور دھمکیاں دینے والوں سے تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔