ترکی کے جدید ڈرون کی مسلسل 49 گھنٹے کامیاب پرواز

368
ترکی: جدید ڈرون آق سنگر فضا میں محو پرواز ہے

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے جدید ڈرون طیارے آق سُنگُر نے مسلسل 49 گھنٹے کامیاب پرواز کرکے اپنا لوہا منوا لیا۔ ترک فضائی و خلائی کمپنی TUSAS نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ آق سُنگُر نے اپنی 59 ویں تجرباتی پرواز مکمل کی ہے، جس کے بعد اس کی پروازوں کی مکمل مدت 230 گھنٹے ہو گئی۔ مذکورہ ڈرون اپنی حالیہ پرواز میں مسلسل 49 گھنٹے تک فضا میں رہا اور کامیابی سے تجرباتی پرواز مکمل کی۔ اس حوالے سے کمپنی مزید بتایا کہ آق سُنگُر نے 20 ہزار فٹ کی بلندی پر ترک پرچم لہرایا۔ کمپنی نے ڈرون کی کامیابی کے اعلان کا عنوان ’’ہر چیز وطن کے لیے‘‘ رکھا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق درمیانی بلندی تک بھاری بوجھ لے جانے کی صلاحیت کے حامل ڈبل موٹر والے اس ڈرون طیارے کا ہدف 40 ہزار فٹ کی بلندی پر طویل مدت تک پرواز کرنا ہے۔ کمپنی کے مطابق آق سُنگُر کو عنقا پلیٹ فارم پر تیار کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اس کی تیاری مختصر مدت میں مناسب لاگت کے ساتھ ممکن ہوئی ہے۔ دوسری جانب یوکرائن کے نائب وزیر اعظم اور اسٹریٹیجک صنعتی امور کے وزیر اولیگ اوروسکی نے کہا ہے کہ اسلحہ سازی کے شعبے میں ترکی کی محنت و عزم سے ہم بے حد متاثر ہیں۔ گزشتہ 15 سال کے مقابلے میں ترکی کی اسلحہ سازی کی صنعت سے ہمیں بھی سیکھنے کو مل رہا ہے۔