کراچی میں نکاسی آب کے نالوں اور گٹر کو بند کیا گیا، گیان چند

253

دادو (نمائندہ جسارت) سینیٹر انجینئر گیان چند، سینیٹر انور لعل دین، وزیر اعلیٰ سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ ویر جی کولھی کی پریس کلب دادو آمد، پریس کلب کے صدر صابر علی بھنڈ کے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے کہا کہ پورے سندھ میں بارشوں سے تباہی ہوئی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی کوشش میں ہے، سیلاب متاثرین کو راشن، ٹینٹ سمیت دیگر سہولیات مہیا کررہے ہیں۔ کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ رات دن سیلاب متاثرین کے ساتھ پانی میں پیدل جائزہ لے رہے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات پر دادو میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں، سیلاب متاثرین کو راشن مہیا کیا جارہا ہے، کراچی میں جو نقصان ہوا ہے اس کا ذمے دار کون ہے، سندھ کے لوگ جانتے ہیں کراچی میں سیلاب کے پانی کی نکاسی کے لیے جو نالے اور گٹر تھے ان کو بند کیا گیا اور تنقید پیپلز پارٹی پر کی جارہی ہے۔ پیپلز پارٹی کے مخالفین سے کوئی پوچھے سیلاب متاثرین کی ان لوگوں نے کیا مدد کی ہے جو لوگ سیلاب کے پانی کے ڈر سے اپنے گھروں سے نہیں نکلتے وہ بھی وزیر اعلیٰ سندھ پر تنقید کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ ہے، سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔