بجلی کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے ،ذکراللہ مجاہد

228

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ ، اووربلنگ اورلوڈشیڈنگ مہنگائی کی ماری عوام پر ظلم ہے۔کورونا کے بعد حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کے کوڑے برسا رہے ہیں جو قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجلی کی قیمت میں اضافے اور اووربلنگ پر اپنے درعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں کیا۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ آٹا، گندم، چینی پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکومت اپنے حواریوں کی جبیں بھر رہی ہے جبکہ غریب عوام کی جیبوں پر ہر روز مہنگائی کے ذریعے ڈاکا ڈالا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد ابھی تک پوری طرح معیشت، کاروبار، روزگار کا پہیہ چل نہیں پایا اور حکومت نت نئے ٹیکس لگا کر عوام سے جینے کا حق بھی چھین رہی ہے جو تبدیلی سرکار کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔حکومت نے اپنی ناکام معاشی پالیسیوں سے دو سالوں میں بجلی، گیس سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے ملک میںمہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے ۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گرمی اور حبس میں لوڈشیڈنگ کو فی الفور بند کیا جائے اور حالیہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لیا جائے تاکہ مہنگائی اور بے روزگاری میں پسی غریب عوام کو کچھ ریلیف میسر ہوسکے۔