قومی سلامتی کیلیے ہر قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے

155

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)ضلعی صدر جے آئی یوتھ چودھری عمر فاروق گجر، جنرل سیکرٹری راشد محمود، سینئر نائب صدر محمد سلیم انصاری،محمد فاروق، نائب صدر احسان چٹھہ،شیخ محمدذیشان ، عثمان گیلانی،سلطان ڈوگر،فیصل خلجی اوردیگرذمے داران نے کہا ہے کہ جنوبی وزیر ستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت قابل مذمت ہے۔ سیکورٹی اداروں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحدہے۔ اس واقعے میں ملوث ذمے داران کو جلد از جلد گرفتار کرکے مقام عبرت بنایا جائے۔ چودھری عمرفاروق گجرنے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی نام نہاد جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان اور اس کے عوام نے برداشت کیا ہے۔ 70ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا ضیاع تاریخی المیہ ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے سارے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت شروع دن سے پاکستان کے وجود کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ قومی سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ جنوبی ایشیا کے خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ بھارت اپنی انتہا پسندانہ سوچ کو تبدیل کرے۔ جب تک مسئلہ کشمیر کا پائیدا ر حل، اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق نہیں نکالا جاتا اور کشمیری قوم کو حق خودارادیت نہیں ملتا ، اس وقت تک امن ممکن نہیں۔رہنمائوںنے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت پاکستان،ہندوستان کے گھناؤنے کردار کو پوری دنیا کے سامنے عیاں کرے اور بھارت سے کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کروائے۔