کورونا ویکسین تیار‘ یکم نومبر سے امریکا میں تقسیم کی تیاری

327

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں صحتِ عامہ سے متعلق امور کے نگران ادارے سی ڈی سی نے ملک کی تمام 50 ریاستوں کے حکام سے کہا ہے کہ وہ یکم نومبر سے کورونا وائرس کی ویکسین کی تقسیم شروع کرنے کی تیاری کریں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سی ڈی سی کی جانب سے ریاستوں کو یہ رہ نما ہدایات 27 اگست کو جاری کی گئی تھیں۔ ویکسین کی تقسیم سے متعلق جس تاریخ کا انتخاب کیا گیا ہے اس کے 2 دن بعد امریکا میں صدارتی انتخابات کا انعقاد ہوگا۔ ریاستوں کے گورنروں کو ارسال کی گئی 4 صفحات پر مشتمل دستاویز میں سی ڈی سی نے صحت کے مقامی محکموں اور حکام سے کہا ہے کہ وہ ویکسی نیشن شروع کرنے سے متعلق اپنے منصوبوں کا ابتدائی خاکہ یکم اکتوبر تک تیار کرلیں۔ خبر رساں ادارے بلوم برگ کے مطابق سی ڈی سی نے رابطہ کرنے پر مذکورہ دستاویز پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا۔ واضح رہے کہ کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے مختلف ملکوں میں تجربات ہو رہے ہیں اور امریکا نے رواں ہفتے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ عالمی سطح پر کورونا ویکسین کی تیاری اور اس کی یکساں تقسیم کے عمل میں حصہ نہیں لے گا۔