نوابشاہ، خاتون پر کتے چھوڑنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا گیا

129

نوابشاہ (نمائندہ جسارت) زمین کے تنازع پر گزشتہ روز خاتون پر کتے چھوڑنے کے واقعہ پر ڈائریکٹ ریٹ آف وومن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے نوٹس لے لیا، وومن کمپلین سیل ضلع بے نظیرآباد کی انچارج زیب النساء نے سول اسپتال قاضی احمد پہنچ کر متاثرہ خاتون نور بانو سے ملاقات کی اور انہیں مکمل انصاف کی یقین دہانی کرائی، وومن کمپلین سیل کی انچارج زیب النساء نے تھانہ قاضی احمد پہنچ کر واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں اور متاثرہ خاتون کے ساتھ رونما ہونے والے واقعہ کے ملزمان کو فی الفور گرفتار کرنے اور قرار واقعی سزا دینے کی سفارش کی۔ ڈائریکٹریٹ آف وومن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کمپلین سیل ضلع شہید بے نظیرآباد کی انچارج میڈم زیب النساء نے محکمہ بہبود نسواں کو اپنی ابتدائی رپورٹ میں مذکورہ واقعہ سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ قاضی احمد کے نواحی گاؤں فقیر محمد جوکھیو میں زرعی زمین کے تنازع پر خاتون پر کتے چھوڑ دیے گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں خاتون زخمی ہوگئی، خاتون کو زخمی حالت میں سول اسپتال قاضی احمد منتقل کردیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق اپنی زمینوں پر کام کرنے والی خاتون نور بانو پر زمین کے تنازع پر ملزمان صاحب جوکھیو، گلشیر جوکھیو، گل حسن جوکھیو، ریاض جوکھیو نے مبینہ طور پر کتے چھوڑ دیے جس کے باعث خاتون شدید زخمی ہو کر بے ہوش ہوگئی، خاتون کے بیٹے کو اطلاع ملنے پر خاتون کو سول اسپتال قاضی احمد منتقل کیا گیا۔ دوسری جانب زخمی خاتون کے بیٹے محمد حنیف جوکھیو کی مدعیت میں قاضی احمد تھانے پر ابتدائی رپورٹ درج کرلی گئی ہے، تاہم قاضی احمد پولیس واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔