روسی اپوزیشن لیڈر کو قتل کرنے کیلیے کیمیائی حملہ کیا گیا

296

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ روسی حزب اختلاف کے رہنما الیکسی ناولنی کو کیمیائی اعصابی ایجنٹ سے قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ روسی سفیر کو اس بات سے باقاعدہ آگاہ کردیا گیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ روسی حکومت صدر پیوٹن کے مخالف کو زہر سے ہلاک کیے جانے کی اس کوشش کے بارے میں اپنا موقف واضح کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین اور نیٹو کے رکن ممالک کو بھی نتائج سے آگاہ کیا جارہا ہے۔ روسی موقف سامنے آنے پر مشترکہ اور مناسب ردعمل دیا جائے گا۔ انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ الیکسی ناولنی کو خاموش کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس کی وہ سخت الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔ واضح رہے کہ الیکسی ناولنی 22 اگست سے برلن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں اور طبی معاینوں کے نتایج سے اخذ کیا جا سکتا ہے کہ انہیں اعصاب کو متاثر کرنے والا کیمیائی مرکب دے کر مارنے کی کوشش کی گئی تھی۔ اُدھر برطانوی وزیر اعظم نے بھی اس معاملے میں روس سے وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔