اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات 30 ستمبر تک ادا کرنیکا حکم

176

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو 30 ستمبر تک پاکستان اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کے بقیہ واجبات جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں پاکستان اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پاکستان اسٹیل ملز شجاع حسن عدالت میں پیش ہوئے اور ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات کی ادائیگی سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔ سی ای او پاکستان اسٹیل ملز کا کہنا تھا کہ 90 فیصد ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ناظر سندھ ہائی کورٹ کے
پاس جمع کرادیے ہیں۔ عدالت نے ریٹائرڈ ملازمین کی تفصیلات 7 روز میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی حکومت کو 30 ستمبر تک مزید 11 ارب روپے ناظر کے پاس جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت کا مزید کہنا تھا کہ جن ریٹائرڈ ملازمین نے تفصیلات جمع کرادی ہیں انہیں 30 ستمبر تک ادائیگی کردی جائے، عدالت نے مزید سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی۔