ایڈن سوسائٹی اسکینڈل کیس کی سماعت 14 ستمبر تک ملتوی

149

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت میں ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس کی سماعت 14 ستمبر تک ملتوی، عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا سے مزید دلائل طلب کرلیے۔عدالت ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالکان کے دائمی وارنٹ بھی جاری کر چکی ہے۔ ریفرنس میں ایڈن ہائوسنگ مالکان ڈاکٹر امجد، مرتضی امجد، مصطفی امجد اور انجم امجد مرکزی ملزمان نامزد ہیں۔ نیب ریفرنس کے مطابق ملزمان نے عوام سے مبینہ طور پر 25 ارب 10 کروڑ روپے وصول کیے اور ملک سے فرار ہو گئے۔ نیب لاہور میں کم و بیش 11 ہزار متاثرین اپنے
نقصان کے ازالے کے لیے درخواستیں جمع کروا چکے ہیں۔ علاوہ ازیںاحتساب عدالت نے نیب کی جانب سے مال مقدمے کی گاڑیاں استعمال کرنے کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ۔دوران سماعت ڈی جی نیب لاہورشہزاد سلیم عدالت میں پیش ہوئے۔احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا قانون اجازت دیتا ہے کہ نیب ملزمان کی گاڑیاں استعمال کرے۔ڈپٹی پراسیکیوٹر نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسا نہیں ہو گا ۔ جس پر جج احتساب عدالت نے کہا کہ آئندہ ایسا کسی صورت نہ ہو،نیب والے عدالت کے تھوڑے کہے کو زیادہ جانیں ۔جج احتساب عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ۔