حکومت بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ واپس لے، مرتضیٰ وہاب

149

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت و مشیر بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر سخت تشویش ہے ایسے فیصلے کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں خدارا کراچی کے عوام پر رحم کرکے بجلی کے نرخوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔ وفاقی حکومت کے مجوزہ کراچی پیکج اور بجلی کے نرخوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہشاید پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کو کراچی والوں کے معاشی معاملات کا ادراک نہیں ہے حالیہ بارشوں اور کورونا کی وجہ سے ایک عام آدمی سے لیکر تاجر
و صنعتکار تک معاشی صورتحال سے دوچار ہے لیکن وفاقی حکومت کراچی کے لیے بجلی کے فی یونٹ نرخ میں 2 روپے 39 پیسے اضافہ کرنے جارہی ہے، یہ کیسی حکومت ہے جو کاروباری اور شہری طبقے کی مشکلات میں کمی کے بجائے اضافہ کر رہی ہے۔ کراچی سمیت پورے ملک کے عوام آپکی ناکام پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں۔ کراچی کے شہریوں کو عمران نیازی کے اعلان کردہ 162 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا انتظار ہے، نجانے یہ روپے کہاں رہ گئے ؟ پہلے اعلان پر عمل نہیں ہوا اور پھر کراچی والوں کو مزید سہانے خواب دکھائے جارہے ہیں، ایک طرف کراچی پیکج کا اعلان کرنے جارہے ہیں تو دوسری جانب کراچی والوں کیلیے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کرکے ان پر بجلی گرائی جارہی ہے۔