پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا

169

لاہور(جسارت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن برائے 21-2020 کے لیے میچ آفیشلز پینل کا اعلان کردیا۔ سیزن کا آغاز 30 ستمبر سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سے ہوگا۔ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ کا پہلا مرحلہ ملتان اور دوسرا مرحلہ راولپنڈی میں ہوگا۔ پی سی بی کے 6 رکنی ایلیٹ پینل برائے میچ ریفریز میں علی نقوی (لاہور)، افتخار احمد(کراچی)، محمد انیس (لاہور)، محمد اقبال شیخ (حیدرآباد)، ندیم ارشد (فیصل آباد)اور پروفیسر جاوید ملک (ملتان)شامل ہیں جبکہ پی سی بی کے 14 رکنی ایلیٹ پینل برائے امپائرزمیں احسن رضا (لاہور)، آفتاب حسین گیلانی (بہاولپور)، آصف یعقوب (اسلام آباد)، فیصل خان آفریدی (سرگودھا)، غفار کاظمی (لاہور)، عمران جاوید (کراچی)، ناصر حسین سینئر (لاہور)، قیصر وحید (لاہور)، راشد ریاض وقار (لاہور)، ثاقب خان (ایبٹ آباد)، شوزب رضا (لاہور)، سید امتیاز اقبال (کراچی)، ولید یعقوب (لاہور)اور ضمیر حیدر (لاہور) شامل ہیں۔ایلیٹ پینل میں شامل یہ 20 میچ آفیشلز سیزن کے دوران فرسٹ الیون کرکٹ کے مقابلوں اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچوں میں فرائض انجام دیں گے، جس کے لیے انہیں 12 ماہ پر مشتمل کنٹریکٹ جاری کیا جائے گا۔ اس سے قبل ڈومیسٹک سیزن 20-2019 میں 18 ایلیٹ میچ آفیشلز کو کنٹریکٹ جاری کیے گئے تھے۔پی سی بی نے سیزن 21-2020 کے لیے ایلیٹ میچ ریفریز کی فہرست میں محمد اقبال شیخ اور ندیم ارشد کو شامل کیا ہے۔ ایلیٹ امپائرز کی نئی فہرست میں شامل آفتاب حسین گیلانی اور ولید یعقوب (ڈویلمپنٹ پینل سے ترقی پائی) جبکہ عمران جاوید، ناصر حسین سینئر، قیصر وحید، سید امتیاز اقبال اور ضمیر حیدر کو بھی پہلی بار کنٹریکٹ پیش کیا جارہا ہے۔ایلیٹ پینل میں جگہ حاصل نہ کرنے والے 8 میچ ریفریز اور 15 امپائرز کے لیے پی سی بی نے پہلی مرتبہ سپلیمنٹری پینل متعارف کروادیا ہے۔ ان میچ آفیشلز کو سیزن کنٹریکٹ پیش کیا جائے گا، جس کے تحت انہیں میچ فیس اور ڈیلی الاؤنس دیا جائے گا۔ یہ پینل سیکنڈ الیون کرکٹ کے میچوں میں فرائض انجام دے گا اور اگر ضرورت پڑی تو انہیں فرسٹ الیون اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچوں میں بھی ذمہ داریاں دی جاسکیں گی۔72 امپائرز پر مشتمل پی سی بی ڈویلمپنٹ پینل کو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے گروپ میں شامل امپائرز پی سی بی کے زیرانتظام ایج گروپس میچز میں ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ دوسرا گروپ کلب، گراس روٹ اور اسکول کرکٹ کے میچوں میں فرائض انجام دے گا۔ ان میچوں میں میچ ریفریز کی ذمہ داریاں پی سی بی ڈویلمپنٹ پینل میں شامل 15 میچ ریفریز ادا کریں گے۔