’بے نظیر مزدورکارڈ‘کااجرایکم جنوری سے ہوگا

311

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر محنت وچیئرمین گورننگ باڈی سیسی سعید غنی نے کہا ہے کہ 3ستمبر 2020 ملکی تاریخ کا ایک تاریخ ساز دن ہے جب سابق وزیراعظم بینظیربھٹو کے 2008ء کے منشور کو عملی جامہ پہناتے ہوئے صوبہ سندھ سے ملکی تایخ میں پہلی بار محنت کشوں کو اسمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات سیسی ہیڈآفس میں ’’بینظیر مزدور کارڈ‘ ‘کی سیسی اور نادرا کے مابین دستخط معاہدہ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب سے چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین، سیکرٹری محنت عبدالرشید سولنگی، کمشنر سیسی محمد اسحاق مہر اور سابق ڈائریکٹرسیسی منصورمعطرنے بھی خطاب کیا۔سعیدغنی نے کہاکہ صوبہ سندھ واحدصوبہ ہے جس نے 18ویں ترمیم کے بعد صوبے میں محنت کشوں کے حوالے سے 16قوانین مرتب کیے اور آج ’بینظیرمزدورکارڈ‘ کے لئے نادرا کے ساتھ معاہدہ کرکے صوبے کے محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو مزیدسہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اور قدم بڑھارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلے ’بینظیرمزدور کارڈ‘کا اجراء یکم جنوری 2021 کو کردیاجائے گا جبکہ پہلے مرحلے میں 6 لاکھ 25 ہزار محنت کشوں کو اسمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ جس کا مرحلہ وار دائرہ مستقبل میں 50لاکھ مزدوروں تک وسیع کردیاجائیگا۔