جماعت اسلامی علاقہ سمن آباد کے تحت ہنگامی اجلاس

163

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی علاقہ سمن آباد ، ضلع گلبرگ وسطی کے زیر اہتمام یونین کمیٹی27کا ہنگامی اجلاس مسجد قبا میں منعقد ہوا، اجلاس میں سابق یوسی ناظم سجاد حیدر دارا، چیئرمین پبلک ایڈ کمیٹی یوسی 27 شعیب فیاض، صدر پبلک ایڈ کمیٹی عدنان گیلانی،پبلک ایڈ کمیٹی کے ارکان فیصل شیخ،طلحہ محمود،محمد معاذ، عبدالشکور، ندیم احمد اور ظہیر مصطفیٰ سمیت ناظمین حلقہ جات، یوسی ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس میں یوسی 27فیڈرل بی ایریا بلاک 18، 17، 13 میں بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پبلک ایڈ کمیٹی کے نمائندوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بارش اور سیوریج کا پانی اندرونی اور مرکزی سڑکوں اور مساجد کے اطراف موجود ہونے سے عوام اذیت کا شکار ہیں، گلبرگ چورنگی سے انچولی موڑ تک کی مرکزی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، بلاک 13،17 اور 18 میں گٹر بند ہونے سے سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہورہا ہے، بلدیاتی اداروں کی غفلت اور بلدیاتی نمائندوں کی نا اہلی سے پاکستان کی مثالی یونین کمیٹی گندے جوہڑمیں تبدیل ہوگئی ہے۔اجلاس میں یونین کمیٹی 27 کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے عوام کو حکومت کے رحم وکرم پر چھوڑنے کے بجائے فی الفور ریلیف آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں اپنی مدد آپ کے تحت گلی اور محلوں کی سطح پر سیوریج کے مسائل کو حل کیا جائے گا اور سڑکوں کے گڑھوں کو پر کیا جائے گا۔