ہلال احمرکی جانب سے 550گھرانوں میں سامان تقسیم

151

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہلالِ احمر پاکستان نے کراچی میں بارشوں سے متاثرہ 550 گھرانوں میں فوڈ پارسل، واٹر فلٹرز، ترپالیں، جیری کین، بالٹیاں اور کچن میں استعمال ہونے والے برتن وغیرہ تقسیم کیے۔ یہ تقسیم اورنگی ٹاون میں کی گئی۔ تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ابرار الحق، چیئرپرسن سندھ برانچ محترمہ شہناز حامدصاحبہ نے شرکت کی۔اِس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہلال ِاحمر کا کام بہت لائق تحسین ہے، اِس امدادی کام کو آگے بڑھایا جائے گا۔ رضاکاروں کا کام وہ کام ہے جو اللہ اپنے پسندیدہ لوگوں سے لیتا ہے۔ یہ کام کسی عام آدمی کے بس کی بات نہیں، میں اپنی طرف سے اور عوام کی جانب سے ہلالِ احمر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں ہلالِ احمر کے اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔اس سے قبل امدادی سامان کی فراہمی سے متعلق چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان جناب ابرار الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں حالیہ بارشوں نے 90 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ایسی ہی سنگین صورتحال بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی ہے۔ ہلا لِ احمر ہمیشہ کی طرح اِس بار بھی متاثرین بارش و سیلاب کی بھرپور مدد و تعاون کیلئے صفِ اوّل میں کھڑا ہے۔