کراچی میں انڈر پاسز پرکام جلد شروع ہوگا، اسد عمر

148

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمرکی زیرصدارت کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کے ترقیاتی کام کا جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ریلوے، چیئر مین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی اور وزارت کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کے سی آر منصوبے کے مختلف مراحل پر کام کا آغاز ہو چکا ہے اور ہر مرحلے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزارت ریلوے
سندھ حکومت کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہے اور مختلف مقامات پر انڈر پاسز پر بھی کام کا آغاز جلد متوقع ہے۔ اسد عمر نے پاکستان ریلوے کو کے سی آر منصوبے کے تیسرے مرحلے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکلر ریلوے سے نہ صرف کراچی کے عوام کو جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا ہوگی بلکہ یہ سرمایہ کاری کے لیے بھی بہت پرکشش منصوبہ ہو گا۔ کراچی سرکلر ریلوے کی تعمیر 3 برس میں مکمل کی جائے گی۔