کراچی میں سارا دن گھومتا رہا ،وفاقی حکومت نظر نہیں آئی، شہباز

170

لاہور(نمائندہ جسارت )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں سارا دن گھومتے رہے لیکن وفاقی حکومت کئی نظر نہیں آئی ،عمران خان کو ان کے باہر نکلنے پر اعتراض ہے اور وہ سوچ رہے ہیں کہ مجھے دوبارہ کیسے جیل میں ڈالیں،نوازشریف کی وطن واپسی ڈاکٹرز کی اجازت سے مشروط ہے۔شہباز شریف کراچی کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے لاہور پہنچے جہاں انہوں نے ائرپورٹ پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام بارش میں ڈوب گئے لیکن وفاق نے سندھ حکومت کے خلاف سیاست کے
علاوہ کچھ نہ کیا اور وہ کراچی میں کہیں نظر نہیں آئی، تاہم ہم کراچی کے عوام کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی اور وزیر اعظم ہوتا یا نوازشریف تو کراچی میں ڈیرے لگا کر بارش سمیت تمام مسائل کو حل کرتا، اپوزیشن مہنگائی کی بات کرے تو ہمیں طعنہ دیا جاتا ہے کہ اپوزیشن این آر او مانگتی ہے، اگر اپوزیشن چینی، آٹے، غربت، بے روزگاری کی بات کرے تو کہتے ہیں اپوزیشن این آر او مانگتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کہتے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر اپوزیشن بھارت کی آواز سے آواز ملا رہی ہے، یہ بات وہ کر رہا ہے جو کہتا ہے نریندر مودی ان کا فون نہیں اٹھا رہا، یہ یوٹرن کے ماسٹر تھے اب اس سے بھی آگے نکل چکے ہیں۔